سعود شکیل اور ٹیل اینڈرز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث پاکستان نے پہلی اننگز میں انگلینڈ پر 77 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی میں کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے 73 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو مڈل آرڈر میں کوئی بھی بلے باز سعود شکیل کا ساتھ نہ نبھا سکا۔
177 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد نعمان علی (45) اور ساجد خان (ناٹ آؤٹ 48) نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 344 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سعود شکیل نے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی۔ وہ 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر گس ایٹکنسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان شان مسعود26، محمد رضوان 25، صائم ایوب 19، عبداللہ شفیق 14، عامر جمال 14، کامران غلام 3، سلمان آغا ایک اور زاہد محمود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے 4، شعیب بشیر نے 3، گس ایٹکنسن نے 2 اور جیک لیچ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی اسپنرز کے سامنے جیمی اسمتھ (89) اور بین ڈکٹ (52) کے علاوہ کوئی بلے باز زیادہ دیر نہ ٹک سکا۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 267 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
گس ایٹکنسن 29، زیک کرولی 29، جیک لیچ 16، کپتان بین اسٹوکس 12، ریحان احمد 9، جو روٹ 5، ہیری بروک 5 اور اولی پوپ 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شیعب بشیر ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔




















