ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سب سے کم مجموعے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔
اتوار کو لاگوس میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سب ریجنل افریقہ کوالیفائر گروپ سی کے میچ میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم نائیجیریا کے خلاف صرف 7 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
نائیجیریا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔ سلیم سلاؤ 112 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔آئزیک اوکپے نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور سلیمون رنسیویے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم صرف 7 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نائیجیرین ٹیم نے 264 رنز سے فتح حاصل کی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں رنز کے اعتبار سے تیسری بڑی فتح ہے۔
یہ مردوں کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم کا مجموعی اسکور بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے کم ٹوٹل 10 رنز تھا۔




















