لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا دوسرا گروپ لاہور سے کولمبو کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔
دوسرے گروپ میں کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، صائم ایوب، ابرار احمد، عبدالصمد اور خواجہ نافع شامل ہیں، جو سری لنکا پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔
اس گروپ کے ہمراہ بیٹنگ کوچ محمد حنیف اور سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان بھی کولمبو کے لیے روانہ ہوئے ہیں، جہاں ٹیم سیریز سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔
قبل ازیں، پہلے گروپ میں شاداب خان، رانا فہیم اشرف، وسیم جونیئر اور سلمان مرزا کولمبو پہنچے تھے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، باؤلنگ کوچ ایشلے نوفکی، فیلڈنگ کوچ اور سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان بھی پہلے گروپ کے ہمراہ کولمبو پہنچے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلی جائے گی، جس میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر شائقین کی گہری نظریں مرکوز ہوں گی۔




















