واٹس ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ہے اور یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اپنے صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے آئے دن نئے فیچر متعارف کرواتا رہتا ہے۔
اس بار کمپنی کی جانب سے ایسا دلچسپ فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت آڈیو میسج اوپن ہونے کے بعد چیٹ سے خودکار طور پر غائب یا ڈیلیٹ ہو جائے گا۔
یہ نیا فیچر تصاویر کے لیے اگست 2021 میں متعارف کرائے گئے ویو ونس فیچر کی طرح کام کرے گا۔
ایک رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر سے صارفین کو یہ پریشانی نہیں ہوگی کہ ان کے حساس آڈیو میسجز کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔
اس فیچر کے تحت بھیجی جانے والے آڈیو میسجز کو محفوظ کرنا ممکن نہیں ہوگا اور ایک بار سننے کے بعد وہ غائب ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ یہ فیچر ابھی تیاری کے مرحلے سے گزر رہا ہے اس لئے یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک صارفین کو دستیاب ہوگا۔




















