گوگل کے سرچ انجن میں اکثر دلچسپ فیچرز چھپے ہوتے ہیں جن کا لوگوں کو علم نہیں ہوتا۔
ایسے ہی ایک فیچر کے بارے میں آج ہم آپ کو بتائیں گے۔ گوگل نے ایک دلچسپ گیم اپنے سرچ انجن کا حصہ بنائی ہے جس کا ہم میں سے اکثر لوگوں کو علم نہیں ہے۔
اگر آپ گوگل پر Katamari لکھ کر سرچ کریں تو اس گیم کو کھیل سکتے ہیں جو بہت دلچسپ ہے۔
یہ بنیادی طور پر 2 دہائی پرانی گیم ہے، اس گیم میں ایک بہت بڑی جادوئی گیند اردگرد گھومتے ہوئے ہر طرح کی اشیاء کو اکٹھا کرتی ہے اور گوگل سرچ میں چھپی گیم میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔
اس گیم کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل سرچ انجن میں اسے شامل کیا گیا ہے۔
ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر گوگل پر Katamari کو سرچ کرنے پر دائیں جانب گوگل نالج باکس پر گیم کا آئیکون حرکت کرتا نظر آئے گا جس پر کلک کریں۔
اس کے بعد کی بورڈ کی ایرو کیز کی مدد سے گیند کو چاروں طرف گھمائیں تو وہ راستے میں آنے والے الفاظ اور ٹیب کو اپنے ساتھ کسی مقناطیس کی طرح چپکانے لگے گی۔
جیسے جیسے مواد اس سے چپکتا ہے، اسے اپنی مرضی سے کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔




















