آج ہم آپ کو ایک فون میں 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کرنے کا طریقہ بتائیں گے۔
واٹس ایپ نے اکتوبر میں ایک فون میں 2 اکاؤنٹس استعمال کرنے کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ اب یہ فیچر لگ بھگ تمام صارفین کو دستیاب ہے۔
یہ فیچر ان افراد کے لیے بہترین ہے جو واٹس ایپ کو دفتری سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے وہ دفتری اور ذاتی زندگی کے لیے الگ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔
فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہوگا کہ فون میں ڈوئل سم سپورٹ موجود ہو تاکہ 2 مختلف نمبروں کو 2 واٹس ایپ اکاؤنٹس کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں فیچر استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز اوپن کرکے اپنے نام کے آگے بنے ڈراپ ڈاؤن ایرو پر کلک کریں۔
وہاں ایڈ اکاؤنٹ کے آپشن کا انتخاب کرتے ہوئے اپنا دوسرا فون نمبر درج کرکے نیکسٹ پر کلک کریں۔
اس کے بعد ایس ایم ایس سے 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ موصول ہوگا اور کوڈ کا اندراج کرنے کے بعد پروفائل نیم ٹائپ کرکے پروفائل فوٹو کو سلیکٹ کریں، اس طرح آپ کا دوسرا اکاؤنٹ بن جائے گا۔




















