بل گیٹس نے 2024 سے متعلق تہلکہ خیز پیشگوئی کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے 10 صفحات پر مشتمل ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے نئے سال کیلئے اپنی توقعات اور معاشی و صنعتی پیشگوئیاں کی ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ آئندہ سال ہونے والی پیشرفت سے رواں دہائی کے دوران اس اے آئی ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کی بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔
بل گیٹس نے لکھا ہے کہ وہ 2024 میں اے آئی ٹیکنالوجی میں مزید تنوع دیکھنے کی توقع رکھتے ہیں، ہمیں آرٹیفیشل ٹیکنالوجی سے خوفزدہ نہیں بلکہ اس سے فوائد حاصل کرنے چاہئیں۔
مائیکروسافٹ کے بانی نے لکھا ہے کہ میں اس دنیا کے بارے میں زیادہ سوچ رہا ہوں جو وراثت میں ہماری نسلوں کو ملے گی اور اب سے دہائیوں بعد جب ان کی نسل بڑی ہوگی تو وہ وقت کیسا ہوگا۔
انہوں نے لکھا کہ روزمرہ کے کاموں کے لئے مصنوعی ذہانت پر انحصار اس دنیا کو تبدیل کر رہا ہے، مستقبل میں مصنوعی ذہانت کو تعلیم، ذہنی صحت اور بہت کچھ تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بل گیٹس نے لکھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے ویکسینز اور ادویات کی تیاری کے عمل میں تیزی آئے گی اور 5 سال سے کم عمر بچوں کی زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔
مائیکروسافٹ کے بانی نے لکھا ہے کہ آنے والے برسوں میں اے آئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں عام ہو جائے گی اور اے آئی ٹولز سے ہمیں عالمی صحت کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملے گا۔




















