واٹس ایپ دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ہے اور یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اپنے صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے آئے دن نئے فیچر متعارف کرواتا رہتا ہے۔
اس بار واٹس ایپ نے ایسا دلچسپ فیچر متعارف کروایا ہے جس کے تحت صارفین تاریخ کے ذریعے پرانے میسجز کی تلاش کرسکیں گے۔
جی ہاں، یہ فیچر واٹس ایپ کے ویب ورژن اور موبائل ایپس پر صارفین کو دستیاب ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ اوپن کرکے اس چیٹ ونڈو میں جائیں جہاں کسی مخصوص تاریخ کا میسج تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
اس چیٹ ونڈو میں سرچ آپشن کو سلیکٹ کریں۔
سرچ آپشن سلیکٹ کرنے پر آپ کے سامنے کیلنڈر آئیکون آجائے گا جس پر کلک کریں۔
اس کے بعد کئی ہفتے، ماہ یا سال پیچھے جاکر مطلوبہ تاریخ پر کلک کریں۔
ایسا کرنے کے بعد اس مخصوص تاریخ کے پیغامات سامنے آجائیں گے۔




















