Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خبردار! چیٹ جی پی ٹی کو راز دار بنانا کتنا مہنگا پڑسکتا ہے؟

اگر آپ بھی چیٹ جی پی ٹی کو اپنے راز بتاتے ہیں تو ٹھہر جائیں کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ مطالعے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اے آئی ٹولز کے ساتھ اپنے گہرے راز شیئر کرنا آپ کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے مشہور پروفیسر مائیک وولرج نے ان ٹولز کا استعمال کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اے آئی ٹولز کو بتائی گئی ذاتی معلومات آگے جا کر آپ ہی کے خلاف استعمال کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اے آئی سسٹمز اگرچہ ہوشیار لگتے ہیں لیکن ان میں احساسات نام کی کوئی چیز نہیں، وہ ایسے جوابات دینے کے لیے پروگرام کیے گئے ہیں جو آپ کو مطمئن رکھتے ہیں لیکن ان میں حقیقی جذبات یا تجربات کی کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی بنیادی طور پر آپ کو وہ بتانے کی کوشش کرنے کے لیے بنائی گئی ہے جو آپ سننا چاہتے ہیں اس میں کسی کے لیے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

پروفیسر کے مطابق آپ جو بھی چیز چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ شیئر کرتے ہیں وہ براہ راست سسٹم کے مستقبل کے ورژن میں جاسکتی ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے مشہور پروفیسر مائیک وولرج نے اس کا موازنہ فیس بک جیسے پلیٹ فارم پر ذاتی چیزیں شیئر کرنے کے بارے میں ابتدائی انتباہات سے کیا اسی لیے انہوں نے چیٹ جی پی ٹی پر گہری یا حساس باتوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تاکہ معلومات کو محفوظ بنایا جاسکے۔