Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسٹار لنک فون سروس کے لیے پہلا سیٹلائٹ لانچ

ایلون مسک کی ٹیکنالوجی کمپنی اسپیس ایکس نے اسٹار لنک فون سروس کے لیے پہلا سیٹلائٹ لانچ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ سیٹلائٹ صارفین کو زمین پر موجود موبائل ٹاور سے رابطہ نہ ہونے کی صورت میں اسپیس انٹرنیٹ نیٹورک سے جوڑ سکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹار لنک کی یہ ڈائریکٹ ٹو سیل سروس صارفین کو خلاء سے فون تک براہ راست سگنل بھیج کر وائس، ٹیکسٹ اور ڈیٹا کنیکٹیویٹی اس وقت فراہم کرے گی جب وہ ’ڈیڈ زون‘ یعنی ایسے مقام پر ہوں گے جہاں موبائل ٹاور کے ذریعے رابطہ ممکن نہیں ہوگا۔

امریکا میں فون کیریئرز کے ساتھ اشتراک ہونے کی وجہ سے عام 4 جی ایل ٹی ای اسمارٹ فون بغیر کسی اضافی ہارڈ ویئر یا سافٹ ویئر کے نئے اسٹار لنک نیٹورک سے جڑ سکیں گے۔

ڈائریکٹ ٹو سیل صلاحیت کے ساتھ اسٹار لنک سیٹلائٹ دنیا میں کسی بھی مقام سے پیغام بھیجنا، کال کرنا اوربراؤزنگ کرنا ممکن بنائے گا جبکہ ڈائریکٹ ٹو سیل موجودہ ایل ٹی ای فون میں ہر اس جگہ کام کر سکتا ہے جہاں سے آسمان دیکھا جا سکتا ہو۔

بلا تعطل انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے کسی بھی ہارڈ ویئر، فرم ویئر یا کسی خصوصی ایپ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ 2024 میں یہ سروس صرف ٹیکسٹ کی سہولت فراہم کرے گی جبکہ کال اور ڈیٹا کی سہولیات 2025 میں متعارف کرائی جائیں گی۔