ایسے افراد جن کو سننے میں مسئلہ درپیش ہوتا ہے اُن کے لئے یہ چشمہ انتہائی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
چشمے بنانے والی کمپنی ایسیلور لگزوٹیکا نے آلہ سماعت لگے چشمے جلد فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کردیا۔
چشمہ ساز کمپنی اپنے چشموں کے ساتھ آلہ سماعت کی مارکیٹ میں قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہے، یہ چشمہ چہرے کی سمت سے آنے والی آواز کو واضح کرے گا۔
کمپنی کی جانب سے اس چشمے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کچھ ہی عرصہ قبل ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ سماعت کی کمزوری میں مبتلا وہ بوڑھے افراد جو آلہ سماعت پہنتے ہیں ان کے قبل از وقت موت کے خطرات 24 فی صد کم ہوتے ہیں۔
نُوانس آڈیو نامی اس نئے آلے کی فروخت امریکا میں 2024 کے دوسرے حصے میں شروع کی جائے گی، جس کے بعد 2025 کے ابتدائی نصف میں یہ ڈیوائس یورپ میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔
یہ عینک سماعت کے معمولی سے معتدل مسئلے کا شکار افراد کے لیے بنائی گئی ہے۔
کمپنی مالک کا کہنا ہے کہ نوانس آڈیو کے اندر اربوں لوگوں کی زندگی بہتر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
کمپنی نمائندے کے مطابق فی الحال اس ڈیوائس کی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا ہے لیکن روایتی آلات سے اس کی قیمت واضح طور پر کم ہوگی۔




















