Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے گوگل، ٹک ٹاک اور فیس بک کیا اقدامات کر رہے ہیں؟

پاکستان میں انتخابات سے قبل فیس بک، ٹک ٹاک اور گوگل کی جانب سے لوگوں کی مدد کے لیے کچھ اقدامات کیے گئے ہیں۔

گوگل

پاکستان میں عام انتخابات کے موقع پر گوگل نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی عوام 8 فروری کو ہونے والے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے نمائندوں کے انتخاب کی غرض سے ووٹ ڈالیں گے۔

بیان کے مطابق ہم حکومت اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں تاکہ رائے دہندگان کو کارآمد اور مستند معلومات مہیا کی جا سکےاور اپنے پلیٹ فارم کو غلط استعمال سے بھی محفوظ رکھا جا سکے۔

کمپنی نے بتایا کہ گوگل سرچ میں ہمارے رینکنگ سسٹمز کو مستند معلومات کو فروغ دینے اور انتخابات سے متعلق معلومات کی مختلف اقسام فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

گوگل ہوم پیج پر ایسے لنکس بھی فراہم کیے گئے ہیں جو ووٹرز کو ’ووٹ دینے کا طریقہ‘ اور ’ووٹ دینے کے لیے رجسٹر کرانے کا طریقہ‘جیسے موضوعات پر مستند معلومات فراہم کرتے ہیں۔

اس کے لیے آپ www.google.com.pk پر جاکر وہاں Learn more on how to vote in the 2024 National Election پر کلک کرسکتے ہیں۔

یوٹیوب

یوٹیوب پر انتخابات سے متعلق خبروں اور معلومات کے حوالے سے مواد تجویز کرنے والا ہمارا نظام مستند ذرائع سے حاصل کردہ مواد اور متعلقہ سیاق و سباق کو نمایاں طور پر پیش کرتا ہے، جن میں ہوم پیج پر مقامی اور قومی خبروں کے ذرائع، سرچ رزلٹس اور اپ نیکسٹ (Up Next) پینلز شامل ہیں تاکہ لوگو ں کو انتخابات کے حوالے سے معیاری خبروں اور معلومات تک رسائی حاصل ہوسکے۔

گوگل ٹرینڈز

گوگل کی جانب سے پاکستانی انتخابات کے حوالے سے ایک گوگل ٹرینڈ پیج بھی متعارف کرایا گیا ہے، اس پیج میں انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کے بارے میں تفصیلات موجود ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس صفحے پر ملک کے ہر حصے میں انتخابات سے متعلق سرچ کیے جانے والے سر فہرست موضوعات مثلاً معیشت، ٹیکس اور اجرتوں کے اعداد و شمار بھی شامل ہیں۔

ٹک ٹاک

ٹک ٹاک کی جانب سے کمیونٹی گائیڈلائنز کو مدِنظر رکھتے ہوئے غلط معلومات، تشدد اور نفرت انگیز مواد سے نمٹنے کے لیے مضبوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ٹک ٹاک کی پالیسیاں ایسے مواد کی ممانعت کرتی ہیں جو ووٹرز کو دھمکانے، ووٹنگ کے عمل کو روکنے یا تشدد پر اکساتا ہے۔

غلط معلومات کو روکنے کے لیے ٹک ٹاک مقامی اور علاقائی فیکٹ چیکرز کے ساتھ پلیٹ فارم پر مسلسل اور درست طریقے سے انتخابات سے متعلق غلط معلومات حذف کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

اس طرح کے مواد کو فار یو فیڈ کے لیے تجویز کرنے سے روکا جاتا ہے جبکہ ویورز اور تخلیق کاروں کو ایسے مواد کی ممکنہ گمراہ کن نوعیت کے بارے میں الرٹ کیا جاتا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے اس حوالے سے جلد پاکستان الیکشن سینٹر بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اس مرکز سے صارفین کو ووٹنگ کے طریقہ کار اور لوکیشنز سمیت دیگر مستند معلومات فراہم کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مطابق ٹک ٹاک نے حکومت، سیاستدانوں یا سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹس کے لیے پالیسیاں وضع کی ہیں، جو اشتہارات، فنڈ ریزنگ یا ٹک ٹاک monetization ٹولز کے ذریعے رقم دینے یا وصول کرنے کی اہلیت ختم کر دیتی ہیں۔

فیس بک

فیس بک نے ابھی کچھ زیادہ اقدامات تو نہیں کیے مگر پاکستان میں عام انتخابات کے حوالے سے ایک لنک ضرور شیئر کیا ہے جس پر کلک کرنے پر صارف کے سامنے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیس بک پیج اوپن ہو جاتا ہے۔