فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے اپنی سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام اور مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم تھریڈز پر ازخود سیاسی مواد دکھانا بند کردیا ہے۔
انسٹاگرام اور تھریڈز کی بلاگ پوسٹس میں تصدیق کی گئی کہ دونوں پلیٹ فارمز پر اب بائی ڈیفالٹ یعنی ازخود کسی طرح کا سیاسی مواد نظر نہیں آئے گا، تاہم صارفین سیٹنگ میں تبدیلی کرنے کے بعد مواد کو دیکھ سکیں گے۔
میٹا نے دونوں پلٹ فارمز پر رواں برس نومبر میں امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے پیشِ نظر سیاسی مواد دکھانا بند کیا ہے۔
کمپنی نے سیاسی مواد کو انتخابی موضوعات، حکومت، پالیسی اور سماجی مسائل کو سیاسی نقطہ نظر سے بیان کرنے کے طور پر بیان کیا ہے اور دنیا بھر کے صارفین کے آنے والے دنوں میں ازخود سیاسی مواد نظر آنا بند ہوجائے گا۔
اب تک دونوں پلیٹ فارمز صارف کے الگورتھم کی بنیاد پر اسے سیاسی مواد بھی دکھاتے تھے لیکن اب سیٹنگ میں تبدیلی کیے جانے اور پلیٹ فارمز کو اجازت دیے جانے کے بعد ہی انسٹاگرام اور تھریڈز پر سیاسی مواد نظر آئے گا۔




















