Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایکس (ٹوئٹر) پر بڑا الزام عائد

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر دہشتگردوں کو سہولیات فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکس کو اس وقت شدید قسم کے تنازع کا سامنا کرنا پڑا جب افواہیں سامنے آئیں کہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے مبینہ دہشتگرد گروہوں اور امریکا میں پابندی کے شکار افراد کو سبسکرپشن کی سہولتیں فراہم کیں۔

ٹیک ٹرانسپیرنسی پراجیکٹ (ٹی ٹی پی) نے بتایا کہ ایکس نے حزب اللہ کے عہدیداروں سمیت دیگر متنازع شخصیات کے اکاؤنٹس کو  بلیو ٹک فراہم کیے اور اس سروس کے لیے ایکس ان سے تقریباً 8 ڈالر ماہانہ وصول کرتا ہے۔

ٹی ٹی پی کے مطابق حوثیوں کے نام سے مشہور انصار اللہ کے ذریعے چلائے جانے والے ایک اکاؤنٹ نے بھی بظاہر اپنے تصدیق شدہ ٹک کے لیے ادائیگی کی تھی، اس اکاؤنٹ کے 23 ہزار سے زیادہ فالورز ہیں جبکہ امریکا اور برطانیہ میں حوثیوں پر پابندیاں عائد ہیں۔

برطانوی حکومت نے بتایا کہ اس نے حوثیوں کو بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازوں پر حملہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے اور یمن کے امن و استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے پابندیاں لگائی ہیں۔

امریکا نے اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھے جانے والے افراد، اداروں اور ممالک پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں تاہم ایکس ایسے افراد کو پریمیم اکاؤنٹس فروخت کر رہا ہے۔

ٹی ٹی پی کی رپورٹ شائع ہونے کے بعد ایکس نے متعدد اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کو ہٹا دیا تھا۔

ٹی ٹی پی کے ڈائریکٹر کیٹی پال نے کا کہنا ہے کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ایکس نے اپنے پلیٹ فارم پر کنٹرول کھو دیا ہے۔