Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کمپیوٹر چپ سے معذور انسان کمپیوٹر ماؤس چلانے میں کامیاب ہوگیا، ایلون مسک کا دعویٰ

ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ جس معذور انسان کے دماغ میں گزشتہ ماہ کمپیوٹر چپ نصب کی گئی تھی، وہ انسان صرف اپنی سوچ کے تحت کمپیوٹر ماؤس کو چلانے میں کامیاب ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے اپنی کمپنی اسپیس ایکس کے آن لائن ایونٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کی کمپنی نیورالنک کی جانب سے جس معذور انسان کے دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کی گئی تھی، وہ شخص تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریض کوئی منفی علامات سامنے نہیں آئیں، وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے اور یہ کہ اس نے صرف اپنی سوچ اور دماغ کا استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹر ماؤس کو کامیاب طریقے سے چلانے کا مظاہرہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایلون مسک نے بتایا تھا کہ ان کی کمپنی نیورا لنک نے ایک معذور انسان کے دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کردی جو کہ انسان کے سوچنے پر کئی کام کرے گی۔

مذکورہ چپ کو اعصابی بیماریوں اور کمزوریوں کے میں مبتلا ایسے مریضوں کے دماغوں میں نصب کیا جائے گا جو کہ فالج کے مریضوں کی طرح ہاتھ اور پاؤں چلانے سے قاصر ہوتے ہیں۔

یہ چپ نہ صرف انہیں عام انسان کی طرح ہاتھ اور پاؤں کو متحرک کرنے میں مدد فراہم کرے گی بلکہ کئی ایسے کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے کام ازخود انسان کے سوچنے سے بھی کرے گی، جس کے لیے انسان کو اپنے ہاتھوں کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔