Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں 17 فروری سے بند ایکس (ٹوئٹر) سروس تاحال بحال نہ ہوسکی

ملک بھر میں 17 فروری سے بند سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) سروس تاحال بحال نہ ہوسکی۔

پاکستان میں ایکس کی سروس کیوں بند ہے اس حوالے سے حکومت نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے 22 فروری کو پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو اس کی سروس بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

ایکس کے بند ہونے کی وجہ سے صارفین اس پر نہ ٹوئٹ کرسکتے ہیں اور نہ کوئی ویڈیو اپلوڈ کرسکتے ہیں۔

پلیٹ فارم کی سروس معطل ہونے پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وجوہات بتانے سے گریز کیا جبکہ ایکس (ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک کی جانب سے بھی اس معاملے پر ابتک کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔

پاکستان میں زیادہ تر صارفین پلیٹ فارم کو ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے ذریعے چلا رہے ہیں، تاہم کروڑوں صارفین ایکس چلانے محروم ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران پاکستان کو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش کا سامنا تھا۔