مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے حوالے سے نئی پیشگوئی کردی ہے۔
حال ہی میں بھارت کے دورے پر موجود بل گیٹس نے اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ مستقبل قریب میں اے آئی ٹیکنالوجی میں بڑی پیشرفت ہوگی جس سے ہمیں متعدد اہم شعبوں میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا یہ ٹیکنالوجی بہتر ادویات کی تیاری میں معاون ثابت ہوگی اور ہم یقیناً اسے تعلیمی شعبے میں بھی استعمال کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کے ساتھ بہترین تجربات کیے جا رہے ہیں اور طالبعلموں کی معاونت کے حوالے سے کافی اچھی پیشرفت ہو رہی ہے۔
بل گیٹس کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ اے آئی ٹیکنالوجی کتنی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ہم اس کو کس حد تک مثبت کاموں کے لیے استعمال کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی میں برق رفتاری سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور اس سے مطابقت پیدا کرنے کافی بڑا چیلنج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے یہ خدشہ ہے کہ ہم یہ نہیں جانے کہ یہ کتنی تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے مختلف شعبوں جیسے ڈاکٹروں اور اساتذہ کے کاموں کے دورانیے میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔




















