گوگل کروم صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں گوگل نے براؤزر میں موجود سکیورٹی مسائل کو حل کرنے کے لیے نئی اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے۔
کمپنی کے مطابق تازہ ترین ورژن میں تقریباً 30 سکیورٹی کمزوریاں دور کی گئی ہیں جن میں سے 4 کو انتہائی سنگین نوعیت کا قرار دیا گیا تھا۔
ان خامیوں کی نشاندہی گوگل کی اپنی سکیورٹی ٹیم نے کی اور بتایا گیا کہ یہ مسائل براؤزر کے مختلف سسٹمز کو متاثر کر سکتے تھے جس سے صارفین کے ڈیٹا کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 50 سے 60 فیصد انٹرنیٹ صارفین براؤزنگ کے لیے اسی براؤزر کو استعمال کرتے ہیں جس کے باعث اس میں موجود کسی بھی سکیورٹی خامی کے اثرات وسیع پیمانے پر ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اگر آپ نے اب تک اپنا گوگل کروم اپ ڈیٹ نہیں کیا تو فوری کرلیں،مگر کیوں؟
کروم کو اپ ڈیٹ کرنے کا طریقہ:
عام طور پر براؤزر خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے تاہم بطور صارف آپ بھی اسے چیک کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے براؤزر کے اوپر موجود تین نقطوں (مینو) پر کلک کریں اور ترتیبات میں جائیں۔
بائیں جانب نیچے موجود اباؤٹ کروم پر کلک کریں وہاں آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ براؤزر تازہ ترین ہے یا نہیں۔ اگر اپ ڈیٹ دستیاب ہوگی تو وہ خود ہی ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو جائے گی۔
آخر میں “دوبارہ شروع کریں” پر کلک کریں اور آپ کا براؤزر مکمل طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنا براؤزر اپ ڈیٹ کریں تاکہ ممکنہ سکیورٹی خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔




















