امریکی فضائیہ کے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم کلاؤڈ ون کو ہیکرز نے ہدف بنا لیا، سائبر حملے کے باعث پلیٹ فارم کے مختلف نظام متاثر اور حساس فوجی معلومات کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھ گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ سسٹم میں نقب زنی کا انکشاف گزشتہ ماہ سسٹم اپ گریڈ کے دوران ہوا، حملے کے نتیجے میں پلیٹ فارم کے بعض امور متاثر ہوئے جبکہ کچھ ایپلی کیشنز کی اپ ڈیٹس اور منتقلی کا عمل روک دیا گیا، بعض صارفین کے ایڈمن اختیارات بھی واپس لے لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہیکرز نے سافٹ ویئر کی خامی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کلاؤڈ سسٹم کے کنٹرول پلیَن تک رسائی حاصل کی، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور کون تھے، کن معلومات تک رسائی حاصل کی گئی اور آیا کوئی ڈیٹا چوری بھی ہوا یا نہیں۔
کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کے اہلکاروں، تنخواہوں، لاجسٹکس، طیاروں کی دیکھ بھال اور فوجی آپریشنز سے متعلق مختلف ایپلی کیشنز کو سہولت فراہم کرتا ہے، اس لیے اس نظام میں نقب زنی کو امریکی فوجی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی سائبر کمانڈ کو حملے کے نقصانات اور دائرہ کار کا جائزہ لینے کے لیے شامل کر لیا گیا ہے، حکام تحقیقات کر رہے ہیں کہ ہیکرز کی رسائی کس حد تک تھی اور آیا دیگر منسلک نظام بھی متاثر ہوئے، امریکی فضائیہ نے تاحال حملے کی مکمل تفصیلات عوامی سطح پر جاری نہیں کیں۔




















