Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان ڈیجیٹل اکانومی میں تیزی سے آگے بڑھنے لگا، کرپٹو ریگولیشن میں اسرائیل کے ہم پلہ قرار

مصنوعی ذہانت اے آئی  پر مبنی ایجنٹس کرپٹو کرنسی میں لاکھوں ڈالرز کی ادائیگیاں کر رہے ہیں، بلال بن ثاقب

پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی اور کرپٹو ریگولیشن کے شعبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے عالمی پلیٹ فارم “کرپٹو سلیٹ” کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں اور کرپٹو ریگولیشنز کے حوالے سے اسرائیل کے برابر آ گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا کرپٹو ریگولیٹری ادارہ “پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی” (پیوارا) عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہا ہے اور ملک نے ڈیجیٹل اثاثوں کی نگرانی اور ریگولیشن کے میدان میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔

کرپٹو سلیٹ کے تجزیے کے مطابق اسرائیل نے اپنی قومی کرنسی “شیکل” پر مبنی اسٹیبل کوائن کی منظوری دی ہے جبکہ پاکستان نے ریگولیٹڈ کرپٹو کمپنیوں کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دے کر اہم قدم اٹھایا ہے۔

 

چیئرمین پیوارا بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ دنیا اب تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان کرپٹو اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے میدان میں کئی ممالک سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کا ٹیکنالوجی میں اسرائیل کے ساتھ مقابلے کی سطح تک پہنچنا ایک بڑی کامیابی ہے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اے آئی  پر مبنی ایجنٹس کرپٹو کرنسی میں لاکھوں ڈالرز کی ادائیگیاں کر رہے ہیں اس لیے آنے والے وقت میں نوجوان نسل کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاکہ پاکستان عالمی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔