دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل ممکنہ طور پر نئے صارفین کے لئے جی میل اور دیگر سروسز کی مفت گنجائش کم کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بعض نئے اکاؤنٹس کو پہلے کی طرح 15 جی بی کے بجائے صرف 5 جی بی مفت اسٹوریج دی جاسکتی ہے تاہم موبائل نمبر شامل کرنے پر مکمل گنجائش بحال ہوسکے گی۔
گوگل طویل عرصے سے ہر نئے اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کرتا رہا ہے جو ای میل، تصاویر اور گول ڈرائیو کے لئے مشترکہ طور پر استعمال ہوتا ہے۔
تاہم اب کمپنی کے معاونتی صفحے پر عبارت تبدیل کردی گئی ہے، جہاں پہلے ’’15 جی بی مفت‘‘ درج تھا لیکن اب اس کی جگہ ’’15 جی بی تک مفت‘‘ لکھا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر دعویٰ کیا کہ نیا گوگل اکاؤنٹ بنانے پر اسے صرف 5 جی بی مفت اسٹوریج دی گئی جب کہ مکمل 15 جی بی حاصل کرنے کے لئے موبائل نمبر شامل کرنے کی شرط رکھی گئی۔

اطلاع میں کہا گیا کہ اگر صارف فون نمبر شامل نہ کرے تو وہ 5 جی بی جگہ کے ساتھ اکاؤنٹ استعمال کرسکتا ہے لیکن نمبر کی تصدیق کے بعد بغیر اضافی رقم کے مکمل 15 جی بی دستیاب ہوگی۔
بتایا جارہا ہے کہ کمپنی اس طریقے سے یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ اضافی مفت سہولت ایک ہی فرد کو بار بار نہ ملے۔
رپورٹ کے مطابق گوگل کے اکاؤنٹ بنانے کے عمل میں اب اکثر فون نمبر لازمی مانگا جارہا ہے اور بعض صورتوں میں اس مرحلے کو نظرانداز کرنے کا اختیار بھی موجود نہیں۔
دوسری جانب کمپنی نے حال ہی میں اپنے ادائیگی والے مصنوعی ذہانت پیکج استعمال کرنے والے صارفین کے لئے ذخیرہ بڑھاکر 5 ٹیرا بائٹ تک کردیا ہے جب کہ مفت صارفین کے لئے ممکنہ نئی پابندیوں پر تاحال واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔




















