Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گوگل نے موسم کی پیش گوئی کے لیے جدید مصنوعی ذہانت کا نظام متعارف کرادیا

گوگل نے موسم کی پیش گوئی کے لیے جدید مصنوعی ذہانت کا نظام متعارف کرادیا جس کے ذریعے ہر گھنٹے موسم کی نئی پیش گوئی جاری کی جائے گی اور پانچ کلومیٹر تک مقامی سطح پر موسمی معلومات فراہم کی جائیں گی۔

گوگل ڈیپ مائنڈ کا ویدر نیکسٹ تھری موسم کی پیش گوئی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے جس سے موسم کی معلومات پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی اور تفصیل سے حاصل ہوسکیں گی۔

گوگل کے مطابق نئے نظام سے بارش کی پیش گوئی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بارش کی پیش گوئی میں غلطی 50 فیصد تک کم کی گئی ہے۔

ویدر نیکسٹ تھری شدید بارش، طوفان اور موسمی تبدیلیوں کی بہتر پیش گوئی کرے گا جب کہ ایک دن یا اس سے پہلے کی بارش کی پیش گوئی بھی زیادہ درست ہوگی۔

گوگل کے مطابق نئے نظام میں سیٹلائٹ تصاویر اور زمینی موسمی مراکز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا استعمال کیا گیا ہے۔

مصنوعی ذہانت کی مدد سے موسم کی تازہ ترین صورتحال زیادہ تیزی سے سامنے آئے گی جب کہ ان علاقوں میں بھی بہتر پیش گوئی ممکن ہوگی جہاں موسمی سہولیات محدود ہیں۔

ویدر نیکسٹ تھری ہوا کی رفتار، بادلوں اور شمسی توانائی سے متعلق بھی تفصیلی معلومات فراہم کرے گا۔

گوگل نے بتایا کہ نیا نظام صاف توانائی کے بہتر استعمال میں بھی مددگار ہوگا جب کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے اداروں کو بھی اس سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

شمسی توانائی کے منصوبوں کے لیے سورج کی روشنی کی پیش گوئی بھی نئے نظام کے ذریعے مزید بہتر ہوگی۔

ویدر نیکسٹ تھری کو گوگل سرچ اور جیمنائی سمیت مختلف گوگل سروسز میں شامل کردیا گیا ہے جب کہ گوگل میپس اور گوگل ارتھ انجن میں بھی نئے موسمی نظام کی سہولت دستیاب ہوگی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے موسم کی پیش گوئی میں اضافی وقت اور زیادہ درست معلومات مل سکیں گی۔