Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

واٹس ایپ میں پرانے پیغامات کی تلاش آسان بنانے کے لیے نیا فیچر متعارف

اس تبدیلی سے طویل چیٹس میں مخصوص پیغامات تلاش کرنا نسبتاً آسان ہو جائے گا

واٹس ایپ نے طویل عرصے پرانی چیٹس میں مطلوبہ پیغامات تلاش کرنے کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا ورژن میں چیٹ کے اندر ہی سرچ شارٹ کٹ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ نئے فیچر کی مدد سے صارفین کو پرانے پیغامات تلاش کرنے کے لیے چیٹ انفارمیشن اسکرین پر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

فی الحال کسی چیٹ میں مخصوص پرانا پیغام تلاش کرنے کے لیے صارف کو پہلے چیٹ سے نکل کر چیٹ انفو اسکرین پر جانا پڑتا ہے، جہاں سرچ کا آپشن منتخب کرنے کے بعد مطلوبہ مواد تلاش کیا جاتا ہے۔ طویل گفتگو میں یہ عمل بعض اوقات وقت طلب ثابت ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فراڈ سے کیسے بچا جائے؟واٹس ایپ میں نیا فیچر متعارف

نئے فیچر کے تحت چیٹ اسکرین پر ہی سرچ کا شارٹ کٹ دستیاب ہوگا۔ تاہم یہ بٹن مستقل طور پر نظر نہیں آئے گا بلکہ صارف کے چیٹ میں اوپر کی جانب اسکرول کرکے پرانے پیغامات تک پہنچنے پر ظاہر ہوگا۔

اس تبدیلی سے طویل چیٹس میں مخصوص پیغامات تلاش کرنا نسبتاً آسان ہو جائے گا اور صارفین کو بار بار چیٹ انفارمیشن اسکرین پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق اس سہولت کا دائرہ صرف چیٹس تک محدود نہیں ہوگا بلکہ واٹس ایپ چینلز میں بھی پرانی پوسٹس اور اپ ڈیٹس تلاش کرنے کی سہولت فراہم کرنے پر کام جاری ہے۔

فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن میں آزمائشی مرحلے میں ہے اس لیے عام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ دستیابی کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

متعلقہ خبریں