بیٹے اور بہو کے رویے سے تنگ معمر شخص نے کروڑوں کی جائیداد سے متعلق انتہائی اہم فیصلہ کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے کھٹولی ٹاؤن کے رہائشی 80 سالہ معمر شخص نتھو سنگھ نے بیٹے اور بہو کے رویے سے تنگ آکر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد گورنر کو عطیہ کردی۔
نتھو سنگھ کا کہنا ہے کہ ’ انہوں نے اپنی تمام جائیداد اترپردیش کے گورنر کے حوالے کرنے کے لیے دستاویز جمع کروادی ہیں ‘۔
انہوں نے بیٹے اور بہو پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’ دونوں نے کئی بار میری تضحیک کی میرا گھر چھڑوا کر اولڈ ہوم میں رہنے پر مجبور کیا ‘۔
دوسری جانب سب رجسٹرار آفس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نتھو سنگھ نے چار مارچ کو ایک کروڑ روپے مالیت کا اپنا گھر اور زرعی زمین ریاست کے گورنر کو عطیہ کرنے کی وصیت دی ہے۔
وصیت میں لکھا ہے کہ ان کے مرنے کے بعد ان کی ملکیت حکومت اپنی تحویل میں لے اور وہاں اسکول یا اسپتال تعمیر کروایا جائے۔




















