Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مکہ دفاعی معاہدہ، تینوں ممالک کا خطے میں امن و سلامتی کے لیے تعاون جاری رکھنے کا اعلان

تینوں ممالک نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے اصولوں اور مقاصد سے وابستگی کا اعادہ کیا

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور تینوں ممالک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ اتحاد برائے دفاع کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے اصولوں اور مقاصد سے وابستگی کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے دوران اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی نے استنبول میں 31 اگست اور ریاض میں 5 اکتوبر 2026 کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا، جبکہ مکہ اتحاد برائے دفاع کو ادارہ جاتی شکل دینے اور اجتماعی دفاع کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تینوں ممالک نے سعودی عرب میں مکہ اتحاد برائے دفاع کے سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے عمل میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس میں دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے باہمی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

متعلقہ خبریں