امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ضرورت پڑنے پر ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کے لیے تیار ہے اور واشنگٹن جب چاہے کارروائی کرسکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف نئی امریکی کارروائی زیادہ طویل نہیں ہوگی تاہم گزشتہ رات کیا جانے والا حملہ انتہائی شدید تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے ایران کے نئے فوجی سازوسامان اور آبنائے ہرمز کے قریب قائم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور امریکا اس معاملے پر اپنی پالیسی میں کوئی نرمی نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم سمندری راستے سے تیل کی ترسیل جاری ہے تاہم حالیہ کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہوئی ہے اور خطے میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے عالمی سطح پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔




















