Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ کی پریس سیکرٹری صرف 5 روز میں عہدے سے فارغ، آخر ہوا کیا تھا؟

کیٹی زکریا کو عہدہ سنبھالنے کے ابتدائی دنوں ہی میں میڈیا کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کیٹی زکریا کو عہدہ سنبھالنے کے محض پانچ روز بعد ہی ذمہ داریوں سے ہٹادیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے دو عہدیداروں نے کیٹی زکریا کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تصدیق کی ہے تاہم وائٹ ہاؤس انتظامیہ یا کیٹی زکریا کی جانب سے اس فیصلے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

پہلی پریس بریفنگ کے بعد تنقید کا سامنا

کیٹی زکریا نے پیر کو پریس سیکرٹری کا عہدہ سنبھالا تھا جب کہ منگل کو وائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی نیوز بریفنگ کی۔ اس موقع پر وہ متعدد سوالات کے جوابات دیتے ہوئے الجھن کا شکار ہوئیں جس کے بعد ان کی کارکردگی پر تنقید شروع ہوگئی۔

بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ انہوں نے امریکا کی کس ریاست میں وکالت کا لائسنس حاصل کیا ہے۔ جواب میں زکریا نے چین منتقل ہونے کا ذکر کیا جس کے بعد ان کی قانونی قابلیت سے متعلق سوالات مزید شدت اختیار کرگئے۔

وکالت کے لائسنس پر بھی سوالات اٹھ گئے

امریکی میڈیا کے مطابق کیٹی زکریا نے 2011 میں پیپرڈائن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی تاہم امریکا کی 50 ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں وکلا کے ریکارڈ میں ان کے نام کا اندراج نہیں ملا۔

بعد ازاں زکریا نے اعتراف کیا کہ وہ پہلی مرتبہ بار کا امتحان پاس نہیں کرسکی تھیں اور اس کے بعد دوبارہ امتحان نہیں دیا۔

ان کی پہلی پریس بریفنگ کے دوران ایک اور معاملہ بھی توجہ کا مرکز بنا، جب انہوں نے اپنے شوہر کو غلطی سے ’’میرے صدر‘‘ کہہ کر مخاطب کردیا۔

ٹرمپ نے بھی فیصلے پر نظرثانی کا مشورہ دیا تھا

کیٹی زکریا کو عہدہ سنبھالنے کے ابتدائی دنوں ہی میں میڈیا پر تنازع بڑھنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے زکریا کو عہدے پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

اب وائٹ ہاؤس کے دو عہدیداروں کے مطابق زکریا پریس سیکرٹری کی ذمہ داریوں سے الگ ہورہی ہیں تاہم اس معاملے پر وائٹ ہاؤس اور کیٹی زکریا کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔

متعلقہ خبریں