Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن 

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کردیا، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اہم اجلاس ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں سندھ کی درخواست اور نوٹیفیکشنز پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ کراچی ڈویژن، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو دوبارہ خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے غیر معمولی اجلاس میں الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے اقدام پربرہمی کا اظہار کیا، اجلاس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت ہویا صوبائی حکومتیں کوئی بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترامیم کا سارا ملبہ بھی الیکشن کمیشن پر ڈالا گیا۔ اب دو دن پہلے عین وقت پر سندھ حکومت نے ایسا ہی اقدام کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اجلاس میں سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن پر سخت کارروائی پر بھی غور کیا ہے۔

اجلاس میں الیکشن ونگ نے بریفنگ دی کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل تھے، کراچی اورحیدر آباد میں آج سے انتخابی سامان کی ترسیل شروع کی جانی تھی۔

الیکشن کمیشن آج ہی وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کو خطوط لکھے گا۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران فوج اور رینجرز کے 20 ہزار اہلکار تعینات کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران 2 ہزار 395 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

سندھ حکومت کا 12 جنوری کو جاری نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا 12 جنوری کو جاری نوٹیفکیشن غیر قانونی قراردیتے ہوئے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات پر جوڈیشل آرڈر جاری کردیا۔ جوڈیشل آرڈر پر چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ارکان کے دستخط ہیں۔

جوڈیشل آرڈر میں سندھ حکومت اور انتظامیہ کو احکامات جاری کیے جائیں گے۔ عدم عملدرآمد کی صورت میں الیکشن کمیشن ذمہ داروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی ممبر سندھ نثار درانی کو فوری کراچی پہنچنے کی ہدایت

واضح رہے کہ گزشتہ شب سندھ حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے 15 جنوری کو کراچی، حیدرآباد اور دادو میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے اور حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اعلان کے بعد جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ خبریں