پاکستانی اداکارہ و ماڈل انمول بلوچ نے پاکستانی ڈراموں میں ہیرو اور ہیروئن کے درمیان زبردستی نکاح کے مناظر دکھانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں انمول بلوچ نے ایک ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری اور پاکستانی ڈراموں میں پیش کی جانے والی کہانیوں کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
اس دوران ڈراموں میں زبردستی شادی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں غیر شادی شدہ لڑکے اور لڑکی کے درمیان رومانوی تعلق دکھانے کی اجازت نہیں ہوتی جس کے باعث کہانی میں ہیرو اور ہیروئن کے نکاح کو شامل کرلیا جاتا ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بعض ڈراموں میں ہیرو اور ہیروئن کو ان کی مرضی کے خلاف شادی کے بندھن میں باندھ دیا جاتا ہے جبکہ کچھ کہانیوں میں ہیروئن کی شادی کسی دوسرے شخص سے ہونے والی ہوتی ہے لیکن عین وقت پر ہیرو پہنچ کر اس سے نکاح کرلیتا ہے اور یوں کہانی کو نیا موڑ دے دیا جاتا ہے۔
انمول بلوچ نے مزید کہا کہ وہ خود بھی ڈراموں میں زبردستی شادی دکھانے کے رجحان سے اتفاق نہیں کرتیں اور انہیں اس طرح کی کہانیاں پسند نہیں تاہم اس کے باوجود یہ موضوع کسی نہ کسی انداز میں ڈراموں کا حصہ بن جاتا ہے۔

















