پاکستان ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسکاٹ لینڈ ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے امِ ہانی نے 19 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل اور مومنہ ریاست نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے 125 رنز کا ہدف محض 17.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان منیبہ علی نے 48 گیندوں پر ناقابلِ شکست 59 رنز بنائے، جبکہ گل فیروزہ نے 43 گیندوں پر 54 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 98 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ شاندار نصف سنچری پر منیبہ علی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔



















