Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تحریکِ انصاف کو تاریخی شکست ملی ہے،شیری رحمان

 شیری رحمان کا کہنا ہے کہ اب تک کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کو تاریخی شکست ملی ہے اور سندھ کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کا انتخاب کرکے تحریک انصاف کےنام نہاد بیانئے کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی حالیہ ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر ووٹرز، پارٹی قیادت، امیدوار اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بلدیاتی انتخابات میں اکثریتی جیت  دراصل عوام کی طرف سے دیا گیا اعتماد کا ووٹ ہے۔

کراچی، جامشورو، حیدرآباد، دادو، جوہی، سیہون، خیرپور ناتھن شاہ، مٹیاری اور ٹھٹھہ سمیت دیگر اضلاع میں پیپلزپارٹی کا تیر چلا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کو تاریخی شکست ملی ہے اور سندھ کے لوگوں نے پیپلز پارٹی کا انتخاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نام نہاد بیانئے کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں