Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی؛ دہشت گردوں کا بھاری اسلحہ برآمد

دہشت گردوں کا رہائشی آبادی میں بارودی مواد چھپانا معصوم شہریوں کی جانوں کے لیے بڑا خطرہ ہے

شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی کے علاقہ حیدر خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا تاہم فتنہ الخوارج نے حیدر خیل میں ایک خالی رہائشی مکان میں بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد چھپا رکھا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ مکان کی کھدائی کے دوران اینٹی ایئرکرافٹ گن، ہیوی مشین گن اور آر پی جی سیون سمیت بھاری ہتھیار برآمد ہوئے ہیں، برآمد سامان میں آر پی جی سیون راؤنڈز، کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس، یو بی جی ایل راؤنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈز بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق رہائشی آبادی میں بارودی مواد چھپانا دہشت گردوں کی خطرناک روش ہے جو معصوم شہریوں کی جانوں کے لیے بڑا خطرہ ہے، جدید اسلحہ اور کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹ کی برآمدگی دہشت گردوں کے بیرونی روابط اور سپلائی چین کی نشاندہی کرتی ہے۔

چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے میرعلی میں ایک گھر کے اندر  فتنہ الخوارج کی بارودی مواد تیار کرنے کی لیب پکڑی تھی۔

علماء و مشائخ کے مطابق رہائشی علاقوں میں بارودی ذخائر چھپانا، مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اور معصوم شہریوں کو خوفزدہ کرنے والے خوارج انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان فتنہ پرور خوارج کا دینِ اسلام سے کوئی واسطہ نہیں۔

سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے تاہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں