اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے انعامی بانڈ رکھنے والوں کیلئے انتہائی اہم اعلان کیا گیا ہے۔
حال ہی میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ /نقد کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی ہے۔
7,500، 15,000، 25,000 اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز رکھنے والے افراد ان بانڈز کے بدلے نقد رقم حاصل کرسکتے ہیں۔
ان بانڈز کی 25,000 روپے یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی ہوسکتی ہے، اور انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلا بھی جاسکتا ہے۔
ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023 تک کیا جا سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا،اور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022 کی تاریخ مقرر کی تھی۔



















