Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 8: اسلام آباد نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کو با آسانی شکست دے دی

پی ایس ایل 8 کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو با آسانی 63 رنز سے شکست دے دی ہے۔ 

کراچی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعظم خان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔

اس سے قبل ٹاس اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پچھلے میچ کے ہیرو رحمان اللہ گرباز صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

وین ڈار ڈاسن بھی ایک رن ہی بناسکے۔ کولن منرو نے 22 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی اور کپتان شاداب نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

اعظم خان اور آصف علی نے جارحانہ شراکت قائم کی۔ آصف علی 24 گیندوں پر 42 رنز بناسکے جس میں 4 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

دوسری جانب اعظم خان صرف 3 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے وہ اننگز کی آخری گیند پر 97 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم آخری اوور میں 157 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد حفیظ 48 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، کپتان سرفراز اھمد 41؛ افتخار احمد 39 جبکہ مارٹن گپٹل بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فضل الحق فارقی اور حسن علی نے 3،3 شکار کیے جبکہ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد اسکواڈ:

شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، رحمان اللہ گرباز، راسی وین ڈار ڈاسن، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، مبصر خان، حسن علی، فضل الحق فاروقی، ابرار احمد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ:

ول اسمتھ، جیسن روئے، مارٹن گپٹل، سرفراز احمد، محمد حفیظ، افتخار احمد، محمد نواز، اوڈین اسمتھ، ایمل خان، نسیم شاہ، محمد حسنین

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں