Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 8، قلندرز کا فاتحانہ دھمال جاری، یونائیٹڈ کو 119 رنز سے شکست

پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 25 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنز سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 25 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 226 رنز کے تعاقب میں 15.1 اوورز میں 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

میچ کی خاص بات فخر زمان کی سنچری اور راشد خان کی عمدہ بولنگ تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کے تعاقب میں اننگ کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 32 رنز بنے، رحمان اللہ گرباز 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایلکس ہیلز بھی 18 رنز تک محدود رہے، کولن منرو اور شاداب خان کی مزاحمت بھی زیادہ دیر نہ چل سکی، دونوں نے بالترتیب 11 اور 12 رنز بنائے۔ حسن علی نے 18 رنز بنائے۔

قلندرز کے راشد خان کی گھومتی گیندوں نے یونائیٹڈ کے بیٹسمینوں کو بھی گھما کر رکھ دیا تھا، راشد خان نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

حارث رؤف اور زمان خان نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 25 ویں میچ میں آج لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق پہلے ہی اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد فخر زمان اور کامران غلام نے ٹیم کے بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی۔

فخر زمان اور کامران غلام نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 122 رنز بنائے، کامران غلام 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان نے اپنا روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی، انہوں نے 57 گیندوں پر 115 رنز بنائے جس میں 8 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

لاہور قلندرز کے سام بلنگز نے 32 رنز بنائے، راشد خان 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3 ، حسن علی اور محمد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اسکواڈز:

لاہور قلندرز: فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سام بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، حارث رؤف، زمان خان

اسلام آباد یونائیٹڈ: رحمان اللہ گرباز، ایلکس ہیلز، کولن منرو، شاداب خان(کپتان)، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، مبصر خان، محمد وسیم، حسن علی، فضل حق فاروقی

متعلقہ خبریں