اکثر لوگوں کو لفٹ میں سفر کرتے ہوئے سر چکرانے کا احساس ہوتا ہے لیکن کیا آپ کو اس کی وجہ معلوم ہے؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
دراصل زمین کی کشش ثقل بہت طاقتور ہے اور اسی کی وجہ سے آپ اپنے لیپ ٹاپ یا فون کو ہاتھ میں تھامے ایک جگہ بیٹھے ہوئے ہیں، فضا میں تیر نہیں رہے۔
کشش ثقل ہر چیز کو اپنی جانب یعنی نیچے کھینچتی ہے یا دوسرے الفاظ میں جب کوئی ہمت کرکے اوپر کی جانب جاتا ہے تو کشش ثقل اسے اپنی جانب کھینچنے لگتی ہے۔
تو جب آپ لفٹ میں داخل ہوتے ہیں تو سب کچھ ساکت ہوتا ہے اور کچھ بھی غیرمعمولی محسوس نہیں ہوتا۔
اس وقت آپ کا جسم متوازن ہوتا ہے کیونکہ وہ ایک ساکت شے کے اندر ہوتا ہے، مگر لفٹ کی اچانک حرکت سے یہ سکوت ٹوٹ جاتا ہے اور آپ کا اوپر یا نیچے کی جانب سے سفر شروع ہو جاتا ہے جس سے عجیب احساسات ہونے لگتے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ لفٹ کے سفر کے ساتھ اندرونی کان کا توازن بگڑ جاتا ہے، اندرونی کان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ توازن کے احساس کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اندرونی کان vestibular system نامی نیٹ ورک کا حصہ ہوتا ہے اور یہ سسٹم جسم کے اردگرد کے بارے میں تفصیلات دماغ کو بھیجتا ہے۔
تو جب اندرونی کان کے افعال متاثر ہوتے ہیں تو سر چکرانے اور متلی جیسے احساسات کا سامنا ہوتا ہے۔




















