اس مہنگائی میں بچت کرنا مشکل ہے لیکن آج ہم آپ کو ایسے آسان طریقے بتائیں گے جن کی مدد سے آپ بچت کر سکیں گے۔
بچت کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ ویسے تو بچت کرنے کا عمل بچپن سے شروع ہو تو بہتر ہے مگر ایسا کسی بھی عمر میں کیا جا سکتا ہے۔
بچت کرنے میں مدد فراہم کرنے والے چند طریقے درج ذیل ہیں۔
اپنے اخراجات کا اندراج کریں
بچت کے لیے پہلا قدم تو یہی ہے کہ آپ کو علم ہو کہ ہر ماہ کتنے اخراجات کرنے ہیں۔ اپنے اخراجات کو کہیں لکھنا شروع کر دیں۔
جب آپ کے پاس ڈیٹا اکٹھا ہو جائے تو اخراجات کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کریں جیسے یوٹیلیٹی بلوں، سودا سلف اور دیگر عام اخراجات۔
ہر کیٹیگری میں مجموعی خرچے کو درج کریں اور پھر دیکھیں کہ ایسے کونسے خرچے ہیں جن سے بچنا ممکن ہے۔
یعنی اپنی ضروریات کو تو پورا کریں مگر بلاوجہ خواہشات پر خرچہ کرنے سے گریز کریں تاکہ بچت کرنا ممکن ہوسکے۔
بجٹ بنائیں
جب اخراجات کے بارے میں علم ہو جائے تو آپ کو علم ہوتا ہے کہ ہر ماہ کس مد میں پیسے خرچ کرنا ہیں، اس کو مدنظر رکھ کر بجٹ تیار کریں۔
آپ کو علم ہونا چاہیے کہ بجٹ کے مطابق کیا اخراجات کرنا ہیں تاکہ آپ فضول خرچے سے بچ سکیں۔
اخراجات میں کمی لانے کے طریقے تلاش کریں
اگر آپ اپنی مرضی کے مطابق بچت کرنے سے قاصر ہیں تو اپنے اخراجات میں کمی لانا ضروری ہے۔ تو ان اخراجات کی کٹوتی کریں جن میں کمی لانا ممکن ہے جیسے باہر کھانا یا ایسے ہی دیگر ذرائع، اس طرح اخراجات میں کمی آئے گی۔
کریڈٹ کارڈ کے استعمال سے گریز
یہ ایک سادہ اصول ہے یعنی نقد رقم کے مقابلے میں کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والے زیادہ پیسے خرچ کرتے ہیں۔
اگر آپ بچت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو سامان خریدنے کے لیے نقد رقم کو ترجیح دیں کیونکہ کریڈٹ کارڈ جیب میں ہونے پر بلاوجہ اشیا کی خریداری کا امکان بڑھتا ہے۔
بچت کے اہداف طے کریں
پیسوں کی بچت کا ایک بہترین طریقہ کوئی ہدف طے کرنا ہے۔ پہلے یہ فیصلہ کریں آپ کتنی رقم بچانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے ایک سے 3 سال کا عرصہ مختص کریں۔
زندگی میں آنے والی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کریں
ملازمت ختم ہونا یا بیماری وغیرہ سے بجٹ متاثر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بچت کرنے کے خواہشمند افراد حالات کے مطابق خود کو تبدیل کرتے ہیں تاکہ بچت ممکن ہو سکے۔
اضافی اخراجات کے لیے تیار رہنا
بیشتر افراد ماہانہ تنخواہ پر زندگی گزارتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایک غیر متوقع واقعہ مالیاتی مشکلات بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔
ماہرین کے مطابق آپ کے پاس اتنے روپے ہونے چاہیے جو 3 سے 6 ماہ کے بنیادی اخراجات کی ادائیگی کے لیے کافی ہوں۔
بلوں کی ادائیگی کے لیے کوئی دن مخصوص کر دیں
اپنے بچت اکاؤنٹ کو بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر مہینے کسی مخصوص دن میں بلوں کی ادائیگی کریں تاکہ آگے پیچھے ادائیگی کرنے سے خرچہ زیادہ محسوس نہ ہو۔
اضافی آمدنی کی کوشش
ماہانہ تنخواہ پر گزارہ ہو رہا ہے تو یہ اچھی بات ہے مگر موجودہ عہد میں مہنگائی کی شرح میں ہر ماہ ہی اضافہ ہوتا ہے اور محدود آمدنی میں بچت کرنا ممکن نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ اضافی آمدنی کے حصول کی کوشش کرنا چاہیے اور اس کے لیے کسی کارآمد مشغلے سے مدد حاصل کرنی چاہیے۔
تفریح کے لیے بھی پیسے الگ کریں
یقیناً باہر کھانے سے پیسے زیادہ خرچ ہوتے ہیں مگر کبھی کبھار ایسا کرنا شخصیت کے لیے بھی ضروری ہوتا ہے، تو خود کو سہولیات سے محروم کرنے کی بجائے ہر ماہ یا ہفتے کے لیے رقم کا ایک حصہ مختص کرنا چاہیے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















