Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اشاروں سے کھانے کا آرڈر لینے والا انوکھا چینی ریسٹورینٹ

صوبہ شانشی کے شہر تائی یوان میں قائم اس ریسٹورنٹ کا نام ’چاؤشان ڈیف سسٹر‘ ہے

چین میں ایک ایسا منفرد ریسٹورنٹ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جہاں کھانا آرڈر کرنے کے لیے بولنے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ ہاتھوں کے اشاروں، مسکراہٹوں اور محبت بھرے رویے سے ہی تمام معاملات طے ہوجاتے ہیں۔

چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ شانشی کے شہر تائی یوان میں قائم اس ریسٹورنٹ کا نام ’چاؤشان ڈیف سسٹر‘ ہے، جسے سماعت سے محروم میاں بیوی ین ینگ اور فینگ یابین چلاتے ہیں۔

اس ریسٹورنٹ میں آنے والے صارفین ہاتھوں کے اشاروں، مینیو کی جانب اشارہ کرکے یا چینی اشاروں کی زبان کے چارٹ کی مدد سے اپنی پسند کے کھانے کا آرڈر دیتے ہیں۔

ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے سماعت سے محروم دیگر افراد کو بھی ملازمت فراہم کر رکھی ہے تاکہ انہیں باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں اور وہ سازگار ماحول میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوئٹ ڈشز کو چیونٹیوں سے سجانا جنوبی کوریائی ریسٹورنٹ مالک کو مہنگا پڑ گیا

اس منفرد ریسٹورنٹ کی خاص بات صرف خاموشی سے کھانا آرڈر کرنے کا طریقہ نہیں بلکہ یہاں انسان دوستی اور خدمتِ خلق کو بھی خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔

انتظامیہ ایسے افراد کو مفت کھانا فراہم کرتی ہے جو مالی مشکلات کے باعث کھانے کی قیمت ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ان افراد میں سماعت سے محروم طلبہ اور صفائی کے عملے سے وابستہ لوگ بھی شامل ہیں۔

چین کا یہ ریسٹورنٹ اس وقت سوشل میڈیا پر خاص توجہ کا مرکز بنا جب ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر وہاں پہنچا اور انتظامیہ کو بتایا کہ اس کے پاس کھانے کے پیسے نہیں ہیں۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ نے نہ صرف اسے مفت کھانا پیش کیا بلکہ کاؤنٹر پر موجود رقم بھی اسے دینے کی پیشکش کردی۔

چینی جوڑے کے اس غیر معمولی جذبۂ خیرسگالی سے متاثر ہوکر سوشل میڈیا انفلوئنسر نے ان کی کہانی اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کردی، جس کے بعد ریسٹورنٹ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

یہ ریسٹورنٹ نہ صرف سماعت سے محروم افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے بلکہ اپنے حسنِ سلوک اور انسان دوستی کے ذریعے یہ پیغام بھی دے رہا ہے کہ محبت اور احساس کے اظہار کے لیے الفاظ کا ہونا ضروری نہیں۔