Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت نے سری لنکا کو بدترین شکست دیکر آٹھویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

بھارت نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں بدترین شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں محمد سراج نے سری لنکن بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے اور پوری ٹیم 16ویں اوور میں صرف 50 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے خود اننگز کا آغاز کرنے کے بجائے شبمن گل کے ساتھ ایشان کشن کو بھیجا جنہوں نے 51 رنز کا ہدف بآسانی 6.1 اوورز میں پورا کرلیا۔

بھارت کی جانب سے شبمن گل 27 اور ایشان کشن 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور یوں بھارت نے سری لنکا کو 10 وکٹوں کی بدترین شکست سے دوچار کرتے ہوئے ریکارڈ سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

اس سے قبل فائنل میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔ فائنل میں سری لنکا کی بیٹنگ بارش کے سبب تاخیر سے شروع ہوئی لیکن میچ کا آغاز ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن ڈگمگاگئی۔

سری لنکا کے ابتدائی 6 بیٹرز صرف 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ بھارت کے بولر محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 21 رنزدے کر 6 وکٹیں لیں۔ اس دوران انہوں نے ایک اوور میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاکر منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

سری لنکا کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، سری لنکا کےکوشل مینڈس 17 رنز بنا کر نمایاں رہے، سری لنکا کے پانچ کھلاڑی صفرپرآوٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے  ہاردک پانڈیا نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے اور ایک وکٹ جسپرت بمراہ کے حصے میں آئی۔

متعلقہ خبریں