Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر نسیم شاہ کا رد عمل آگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔ 

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا جس میں نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انجری کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کا اسکواڈ میں شامل نہ ہونا قومی ٹیم کے لیے دھچکا ہے، نسیم شاہ کی جگہ تجربہ کار فاسٹ بولر حسن علی کو 15 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بعد ازاں نسیم شاہ نے سوشل میڈیا ایپ ’ایکس‘ پر قومی ٹیم کے اعلان کے بعد اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بوجھل دل کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میں ورلڈ کپ کا حصہ نہیں ہوں گا لیکن میرا یقین ہے کہ یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ ان شااللہ بہت جلد دوبارہ میدان میں ہوں گا، مداحوں کا بے حد شکریہ جنہوں نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا۔

خیال رہے کہ نسیم شاہ ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے اور انہوں نے بھارت کے خلاف میچ میں بھی اپنے اوورز پورے نہیں کیے تھے۔

متعلقہ خبریں