Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیدرلینڈ سے جنوبی افریقا کی شکست نے پوائنٹس ٹیبل کو دلچسپ بنادیا

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں دوسرے بڑے اپ سیٹ نے پوائنٹس ٹیبل کو مزید دلچسپ بنادیا۔ 

بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے 15ویں میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی۔

نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 43 اوورز میں 245 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا یہ دوسرا بڑا اپ سیٹ تھا، اس سے پہلے افغانستان دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے چکی ہے۔

دوسری جانب یہ پہلا موقع نہیں جب نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو بڑے ایونٹ میں اپ سیٹ شکست دی ہو، اس سے پہلے نیدرلینڈز نے گزشتہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی جنوبی افریقا کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا جس کی وجہ پاکستانی ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچنے میں مدد ملی تھی۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں کامیاب رہا، بھارتی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 1.821 ہے۔

دوسری پوزیشن اس وقت نیوزی لینڈ کی ہے، یہ بھی اب تک ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کی، کیوی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ 1.604 ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا بدستور تیسری پوزیشن پر ہے جس کے 4 پوائنٹس ہیں، جنوبی افریقا نے 3 میچ کھیلے، 2 میں کامیابی ملی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیدرلینڈز سے شکست کے باوجود جنوبی افریقا کا رن ریٹ 1.385 ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے جس نے 3 میچز کھیلے اور 2 میں کامیابی حاصل کی، پاکستان کا رن ریٹ منفی 0.137 ہے۔ انگلینڈ پانچویں نمبر پر موجود ہے جو 3 میں سے 2 میچ ہارچکی ہے اور اس کا رن ریٹ منفی 0.084 ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر افغانستان، بنگلادیش، آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور سری لنکا، بالترتیب چھٹی سے دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں