آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں شامل تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور ہم کسی بھی حریف کو آسان نہیں سمجھتے۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کل بنگلورو میں مدمقابل ہوں گے جس کے لیے دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کررہی ہیں۔ اہم مقابلے سے قبل پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کی تمام ٹیمیں اچھی ہیں اور پاکستان ایک مضبوط حریف ہے۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ پاکستان سمیت کوئی بھی حریف آسان نہیں ہے، البتہ پاکستانی ٹیم میں چند پلیئرز ہیں جو خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، پاکستان کے فاسٹ بولر اچھے ہیں، خاص طور پر شاہین آفریدی کسی بھی وقت میچ پلٹ سکتا ہے، اس کے علاوہ محمد رضوان بھی بھرپور فارم میں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں آسٹریلیا کے کپتان نے کہا کہ فائنل الیون کا فیصلہ کل ہی ہوگا،کوشش کریں گے کہ اچھی بولنگ کریں، پاکستان ایک مضبوط حریف ہے، بنگلورو میں اچھی پچ کی توقع ہے، یہاں بیٹنگ کے لیے آسانی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں مڈل اوورز کافی اہم ہوتے ہیں، ورلڈ کپ میں ہر ٹیم اچھی ہے، یہاں دس بہترین ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، کوئی بھی میچ آسان نہیں ، ہر میچ میں سو فیصد دینا ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا اب تک 3،3 میچز کھیل چکے ہیں ، جہاں پاکستان کو دو میچوں میں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ آسٹریلیا اب تک صرف ایک ہی میچ جیت چکی ہے اور دو میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور آسٹریلیا 2 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے تاہم دونوں ٹیموں کے رن ریٹ اب تک منفی ہے۔


















