بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو نہ صرف نیوزی لینڈ کو شکست دینا ہوگی بلکہ اچھے مارجن سے جیت حاصل کرنا ہوگی۔
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو اس وقت جنوبی افریقا اور بھارت تقریباً سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکے ہیں تاہم تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے اس وقت آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور پاکستان میں کڑا مقابلہ ہے جب کہ افغانستان بھی اس فہرست میں موجود ہے۔
پاکستان کے اگلے دونوں میچز نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسے سخت حریفوں سے ہیں تاہم نیوزی لینڈ کے پاس ایک سری لنکا کا میچ بھی موجود ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف 2 پوائنٹس حاصل کرسکتا ہے بکہ اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرسکتا ہے۔
ایسے میں پاکستان ہفتہ کے روز نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگا اور پاکستان کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔ پاکستان اگر نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے تو قومی ٹیم رن ریٹ میں کیویز سے اوپر آجائے گا اور پھر پاکستان اور نیوزی لینڈ اگر اپنے آخری میچز جیت جاتے ہیں تو 10،10 پوائنٹس کے ساتھ دونوں ٹیمیں برابر آجائیں گی ایسے میں بہتر رن ریٹ والی ٹیم ہی سیمی فائنل میں پہنچ سکےگی۔
بارش کی پیشگوئی
بنگلور میں ہفتے کی دوپہر بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، ہفتے کو بنگلور میں دن دو بجے سے 70 سے 80 فیصد بارش کا امکان ہے۔ بارش کے باعث اگر میچ واش آؤٹ ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملےگا، واش آؤٹ کی صورت میں نیٹ رن ریٹ پرکوئی اثر نہیں پڑے گا۔


















