Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی بی نے حارث رؤف سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شو کاز نوٹس کا جواب ملنے کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کے خلاف انضباطی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروانے پر پی سی بی اب فاسٹ بولر کے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی نہیں کرے گی اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز اور پی سی بی انتظامیہ نے حارث رؤف پر واضح کردیا ہے کہ مستقبل میں انہیں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں لازمی شرکت کرنا ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس پر لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر نے جواب جمع کرا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ حارث رؤف نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب دیدیا

پی سی بی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ  سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق پلیئرز  نیشنل ٹیم کے لیے غیر مشروط طور  پر دستیاب ہوں گے۔

حارث رؤف کی جانب سے بھیجے گئے جواب میں فاسٹ بولر نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی فٹنس اچھی نہیں تھی اس لیے انہوں نے ٹیسٹ میچ کھیلنے سے منع کردیا تھا۔

خیال رہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز کے لیے عدم دستیابی ظاہر کی تھی۔ سینٹرل کنٹریکٹ کے باوجود ریڈ بال کھیلنے سے منع کرنے پر ان کے معاہدے کی منسوخی کی کلاز بھی موجود تھی۔

تاہم حارث رؤف نے پی سی بی کو یقین دلایا کہ وہ ڈپارٹمنٹس کے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث رؤف کو بگ بیش کے دوران 21 دن میں 5 میچوں کے لیے این او سی جاری کیا تھا۔ جب کہ وہ بگ بیش کے لیے آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں لیکن آرام کی غرض سے پہلا میچ نہیں کھیلیں گے۔

متعلقہ خبریں