Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت نے ایک بار پھر پاکستان میں نہ کھیلنے کے لیے بہانے شروع کردیے 

بھارت نے ایک بار پھر پاکستان میں نہ کھیلنے کے لیے بہانے تلاش کرنا شروع کردیے۔ 

بھارت کرکٹ سمیت کھیل کے ہر میدان میں پاکستان کی میزبانی میں کھیلنے سے کتراتا ہے اور اس حوالے سے وہ مختلف حیلے بہانے تلاش کرتا ہے۔ حال ہی میں سری لنکا میں ہونے والا ایشیا کپ جو ابتدائی طور پر پاکستان میں شیڈول تھا لیکن بھارت نے سیکیورٹی سمیت دیگر بہانے بناکر پاکستان جانے سے انکار کیا اور پھر سری لنکا اور بنگلادیش کو بھی اپنے ساتھ ملاکر ایونٹ پاکستان سے منتقل کروادیا۔

اب بھارت کی جانب سے ڈیوس کپ 2024 کے خلاف انٹرنیشنل ٹینس فیڈیشن میں اپیل دائر کی گئی ہے، جس کے میچز کی میزبانی پاکستان کے ساتھ ہے اور بھارت کو بھی پاکستان کا مقابلہ کرنا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈیشن نے آل انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکیورٹی خدشات کو مسترد کر دیا تھا اور آل انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کو ڈیوس کپ ٹائی کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈیشن کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں ایسی کوئی صورت حال نہیں جس کی وجہ سے بھارت کی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت نہ کر سکے لیکن بھارت نے اس فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل دائر کرتے ہوئے یہ بہانہ بنایا کہ پاکستان میں 8 فروری سے الیکشن ہورہے ہیں جس سے سیکیورٹی خدشات ہیں اور الیکشن سے صرف چار دن قبل بھارتی ٹینس ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن بھارتی اپیل پر 21 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں فیصلہ سنائے گی۔

خیال رہے کہ بھارت کی ٹیم نے 2019 میں بھی ڈیوس کپ ٹائی کے لیے پاکستان آنا تھا لیکن اسی طرح کی صورت حال کے سبب وہ ٹائی قازقستان منتقل کردیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں