Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ شیڈول؛ پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی

رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے اور اس میں پاکستان اور بھارت میچ کی تاریخ بھی سامنے آگئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024  کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے اور ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ کا انتظار دونوں ممالک کے عوام سمیت دنیا بھر میں موجود شائقین کرکٹ کو ہوتا ہے کیوں کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث یہ ٹیمیں گزشتہ کئی سالوں سے صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی مدمقابل ہوتی ہیں جو سال میں ایک یا دو بار ہی ممکن ہوتا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 4 جون سے 20 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی جب کہ  پہلے راؤنڈ میں 5،5 ٹیمیں چار گروپس میں مقابلہ کریں گی۔

یاد رہے کہ پہلے راؤنڈ کے میں شریک ہر 4 گروپس میں سے 2 ٹاپ ٹیمیں سپر 8 راؤنڈ میں کوالیفائی کریں گی جہاں انہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔

ابتدائی شیڈول کے مطابق  پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ میں آئرلینڈ ، کینیڈا اور میزبان امریکا کی ٹیمیں بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے اس گروپ میں موجود ٹیموں کے پہلے راؤںڈ کے تمام میچز امریکا میں ہی ہوں گے۔

پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلیس میں امریکا کے خلاف کھیلے گی، جب کہ ورلڈکپ کا سب سے دم دار ٹاکرا 9 جون کو نیو یارک میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیوں کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کا میچ نیویارک میں ہی ہوگا اور 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ فلوریڈا میں شیڈولڈ ہے ۔

واضح رہے کہ شیڈول کو منظوری کیلئے بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں