Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی ٹیم کے سابق کوچ کی افغان بورڈ میں تقرری پر پی سی بی حیرت زدہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ کی افغان ٹیم میں تقرری پر پی سی بی نے حیرت کا اظہار کردیا

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک کو افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حیرت کا اظہار کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے اینڈریو پیوٹک کے افغانستان کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہونے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پیوٹک نے پی سی بی کو اب تک اپنا استعفیٰ نہیں دیا جمع کروایا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اینڈریو پیوٹک کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے مئی 2023 میں 2 سال کیلئے پاکستان ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا تھا تاہم ورلڈ کپ کے بعد پی سی بی کی نئی منیجمنٹ کمیٹی نے انہیں این سی اے میں رپورٹ کرنے کو کہا تھا جس کے بعد سے وہ چھٹیوں پر تھے۔

اس حوالے سے ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز یہ خبر آئی کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پیوٹک نے اپنے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا، اسے یہ اطلاع میڈیا سے ہی ملی ہے۔

پی سی بی ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اینڈریو پیوٹک نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو استعفیٰ نہیں بھجوایا۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے پر پی سی بی کی نئی منیجمنٹ کمیٹی نے غیر ملکی کوچز کو یہ عندیہ دیا تھا کہ وہ ان کے پلانز میں شامل نہیں لیکن اختیارات محدود ہونے کی وجہ سے ان کا کنٹریکٹ ختم نہیں کیا جاسکا تھا۔

متعلقہ خبریں