پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی جانب سے قومی خزانے سے کروڑوں روپے لینے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ ( پی ایس بی ) نے نیب انکواری کے دوران پانچ سال میں ہونے والے اخراجات کی رپورٹ جمع کرادی جس میں بتایا گیا کہ 2017 چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کو 20 کروڑ سے زائد کی رقم پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ادا کی۔
2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ کوچنگ اسٹاف کے لیے 50 لاکھ اور دیگر اسٹاف کیلئے 25 لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا تھا۔
حکومت پاکستان نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو اعلان کی جانے والی انعامی رقم پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنڈز سے جاری کردی تھی تاہم پاکستانی کرکٹرز کو حکومت کی جانب سے جو فنڈز ملے وہ بنیادی طور پر دیگر کھیلوں پر خرج ہونے کے لیے مختص تھے ۔
عمومی طور پر وزیر اعظم کے اعلان کردہ انعامی رقم صوابدیدی فنڈز سے جاری ہوتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم کھلاڑیوں کو براہ راست چیک کے ذریعے جاری کی گئی تھی ۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ مؤقف رہا ہے کہ وہ اپنے امور چلانے کیلئے حکومت سے فنڈز نہیں لیتا اور وہ ایک آزاد ادارہ ہے۔
حکومت کی جانب سے 2017 میں کرکٹرز کو بطور انعام ادا کی جانیوالی رقم حکومتی فنڈنگ شمار نہیں ہوتی لیکن ماہرین نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ حکومت نے صوابدیدی فنڈز کی بجائے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنڈز سے کرکٹرز کو کیوں ادائیگی کی کیوں کہ پی ایس بی کا بجٹ دیگر کھیلوں کیلئے ہوتا ہے ۔


















