بھارت میں میچ کے دوران ایک اور بھارتی کھلاڑی جان گنوا بیٹھا۔
کرکٹ میں اکثر ایسے واقعات دیکھنے میں آتے ہیں جو جان لیوا ثابت ہوتے ہیں ۔ 2014 میں سڈنی میں ایک فرسٹ کلاس میچ کے دوران آسٹریلیا کے بلے باز فل ہیوز سر پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے اور بعد ازاں ان کی موت ہوگئی۔
تاہم بھارت میں ڈومیسٹک کرکٹ میں محدود انتظامات کے سبب اکثر ایسی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہوتی ہیں جس میں بھارت کے کسی ڈومیسٹک یا مقامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی کا انتقال ہوجاتا ہے۔
حالیہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں ایک مقامی سطح پر کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں 34 سالہ وکاس نیگی بیٹنگ کررہے تھے اور اچانک سے زمین پر گر پڑے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکاس نیگی بولنگ اینڈ پر موجود تھے اور ساتھی کھلاڑی امیش کمار کے چوکا لگانے کے بعد وہ ان کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے آگے بڑھے تھے تاہم وہ جیسے ہی امیش کمار کو شاباشی دینے کے بعد واپس اپنے اینڈ کی جانب مڑے اور زمین پر گرگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرکٹر وکاس نیگی درد کی شدت کے باعث زمین پر گرگئے جس کے بعد ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے وکاس کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور پھر طبی ٹیم بھی گراؤنڈ میں پہنچ گئی جس کی مدد سے وکاس کو گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق وکاس کو فوری طور پر نوئیڈا کے قریبی اسپتال میں لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی جان بچانے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے، ان کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی گئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بھارت میں اس طرح کا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جہاں بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع کھرگون کے گاؤں میں ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران فاسٹ بولر اندل سنگھ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق 22 سالہ فاسٹ بولر اندل سنگھ اپنی بولنگ میں مصروف تھے کہ اچانک انہیں بے چینی محسوس ہوئی اور وہ بے ہوش ہوگئے جس پر انہیں فوراً اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی موت واقع ہوگئی۔


















