آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل زیادہ شراب نوشی کے باعث اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز گلین میکسویل ایڈیلیڈ میں رات گئے دیر تک پارٹی کرتے رہے اور وہاں انہوں نے بہت زیادہ شراب پی لی تھی جس کے باعث ان کی طبیعت بگڑ گئی جس پر ایمبولینس کو بلانا پڑگیا۔
گلین میکسویل کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے گلین میکسویل کا معائنہ کیا اور آسٹریلین بلے باز اسی روز اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے تھے اور انہوں نے دوبارہ سے نیشنل ڈیوٹی جوائن کرلی۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے جارح مزاج بیٹر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آرام دیا ہے تاہم وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں گلین میکسویل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ انہوں نے بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبرن اسٹار کی کپتانی سے استعفا بھی دیا ہے۔
خیال رہے کہ میکسویل نے آخری میچ بگ بیش کا 15 جنوری کو کھیلا تھا جس میں انہوں نے میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کی تھی اور بعد ازاں انہوں نے میلبرن اسٹار کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔


















